ایمنسٹی اسکیم ،97 ارب روپے ٹیکس وصول ہوا ہے ٗنگران وزارت خزانہ
اسلام آباد (این این آئی)نگران وفاقی وزرات خزانہ نے کہاہے کہ ایمنسٹی اسکیم کی مد میں مجموعی طور97 ارب روپے ٹیکس وصول ہوا ہے۔وزارت خزانہ نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کردیئے جس کے مطابق ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پر عوام کامثبت ردعمل سامنے آیا ہے اور اب تک 55 ہزار 225 افراد نے اسکیم سے فائدہ اٹھایا ۔اعلامیے کے مطابق جن لوگوں نے اسکیم سے فائدہ اٹھایا ان کے بیرون ملک ظاہر کیے گئے اثاثوں کی مالیت 577 ارب روپے ہے ٗ اندرون ملک ظاہر کیے گئے اثاثوں کی مالیت 1192 ارب روپے ہے۔وزرات خزانہ کے مطابق ایمنسٹی اسکیم کی مد میں مجموعی طور97 ارب روپے ٹیکس وصول ہوا جس میں سے 36 ارب روپے بیرون ملک اثاثوں اور اندرون ملک اثاثوں سے 61 ارب روپے وصول ہوئے۔وزرات خزانہ کے اعلامیے کے مطابق 4 کروڑ ڈالر کے اثاثہ جات پاکستان منتقل کیے گئے اور پاکستان کی تاریخ میں اب تک کسی ایمنسٹی اسکیم پر اتنا ٹیکس وصول نہیں ہوا۔یاد رہے کہ 5 اپریل 2018 کو اس وقت کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا تھا۔انہوں نے 5 نکاتی ٹیکس اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ جن لوگوں کے اثاثے بیرون ملک ہیں وہ دو فیصد جرمانہ اد کر کے ٹیکس ایمنسٹی سے استفادہ کر سکتے ہیں ٗ ڈالر اکاؤنٹ پر 5 فیصد ٹیکس ادا کر کے اسے رکھا جا سکتا ہے۔