ماجوکے طالب علم نے بائیو میٹرک ووٹنگ سسٹم ویب سائٹ متعارف کرادی
کراچی(نیوزرپورٹر) محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی (ماجو)کے ماسٹرز آف کمپیو ٹر سائینس(ایم سی ایس) کے فائنل ائیر کے طالب علم احتشام مختارنے اپنے سپر وائیز سیدّ عمران علی کی زیر نگرانی ملک میں عام انتخابات شفاف طریقے سے منعقد کرانے کرانے کے لئے ایک ویب سائٹ بائیو میٹرک ووٹنگ سسٹم بنائی ہے جس سے الیکشن کمیشن آف پاکستان استفادہ کرسکتا ہے۔ویب سائیٹ کے استعمال کی بنا پر جب ایک ووٹر پولنگ اسٹیشن پر ووٹ کاسٹ کرنے جائے گا تو اسے پولنگ افسر کو اپنا قومی شناختی کارڈ دکھانا ہوگا جس کو لے کر کمپیوٹر پر وہ اس ووٹر کے شناختی کارڈ پر درج نمبر ڈالے گا تو اس کے سارے کوائیف کمپیوٹر اسکرین پر سامنے آ جائیں گے۔ پولنگ افسر اس سے انگوٹھا لگوائے گا توپولنگ بوتھ میں رکھے کمپیوٹر اسکرین پر اس کے حلقہ کے تمام امید واروں کے نام و نشانات واضح ہوجائیں گے جس پر وہ اپنے پسندیدہ امیدوار کے نام پر اپنی انگلی ٹچ کرے گا تو اس کا ووٹ ڈل جائے گا۔