دنیا بھر میں ملالہ ڈے منایا گیا‘ قلم سے دہشت گردی کا مقابلہ کرونگی‘ مجھے مارنے والے بھی سامنے آ جائیں تو گولی نہیں ماروں گی: ملالہ

نیویارک(نمائندہ خصوصی+ایجنسیاں+نوائے وقت رپورٹ) ملالہ یوسفزئی نے کہا ہے کہ مجھے مارنے والے طالبان سامنے بھی آجائیں تو انہیں گولی نہیں ماروں گی،مجھے لگنے والی گولی سے کمزوری اور ناامیدی مر گئی اور میری طاقت اور حوصلے کو نئی زندگی ملی، میں ان کی آواز ہوں جن کی آواز کوئی نہیں سن رہا، میں دنیا کے ان لاکھوں افراد میں سے ایک ہوں جو دہشتگردوں کا نشانہ بنے اور طالبان کا خیال تھا کہ ان کی گولی ہمیں خاموش کر دے گی لیکن ایسا نہیں ہوا۔ شدت پسند تعلیم کی طاقت سے خوفزدہ ہیں اور وہ ہر اس فرد کی آواز ہیں جو دنیا میں اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہا ہے۔ ہمیں قلم اور کتاب کی اہمیت کا اندازہ بندوق دیکھ کر ہوتا ہے۔ شدت پسند تعلیم کی طاقت سے خوفزدہ ہیں۔ وہ خواتین سے ڈرتے ہیں۔ وہ تبدیلی اور اس برابری سے خوفزدہ ہیں۔ قلم اور کتاب دنیا کے سب سے طاقتور ہتھیار ہیں، ایک طالبعلم، ایک استاد، ایک قلم اور ایک کتاب دنیا تبدیل کر سکتے ہیں۔ بھارت میں بھی معصوم بچے چائلڈ لیبر کا شکار ہیں۔ جمعہ کو یوم ملالہ کے موقع پر اقوام متحدہ کی تقریب سے خطاب میں دنیا بھر کے بچوں کے لیے تعلیم کے حق کے حوالے سے مہم چلانے والی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے کہاکہ ملالہ ڈے صرف میرا دن نہیں آج کا دن ہر اس لڑکی اور لڑکے کا دن ہے جس نے اپنی آواز اپنے حقوق کے لیے اٹھائی۔ان کا کہنا تھا کہ میں ان کی آواز ہوں جن کی آواز کوئی نہیں سن رہا وہ جو پرامن ماحول میں رہنے اور تعلیم کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ملالہ کا کہنا تھا کہ وہ دنیا کے ان لاکھوں افراد میں سے ایک ہیں جو دہشتگردوں کا نشانہ بن کر زخمی ہوئے۔ میں وہی ملالہ ہوں۔ میرے عزائم، امید اور حوصلہ وہی ہے۔ شدت پسند تبدیلی اور اس برابری سے خوفزدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ میں ہر بچے کی تعلیم کے حق کی بات کرنے آئی ہوں اور طالبان اور دیگر شدت پسندوں کے بچوں کے لیے بھی تعلیم چاہتی ہوں، ملالہ نے کہا کہ تعلیم ہی سب مسائل کا واحد حل ہے اور تعلیم ہی سب سے بڑی ترجیح ہونی چاہیے۔ ملالہ نے اقوامِ متحدہ سے خطاب کرنے کا موقع ملنے کو اپنے لیے باعث اعزاز قرار دیا اور تقریر میں ان لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے ان کی صتحیابی کے لیے دعا کی۔ ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ طویل عرصے بعد آج میرے لئے دوبارہ بولنا اعزاز کی بات ہے، میں نے بینظیر بھٹوکی شال اوڑھی ہوئی ہے، برطانیہ اور پاکستان میں علاج کرنی والے ڈاکٹروں کی شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے حکام کی تعلیم کیلئے کوششوں پر شکر گزار ہوں، ملالہ کا کہنا تھا کہ میں ان لوگوں کیلئے کام کرتی ہوں جن کے حقوق کا استحصال ہوا ہو، ان کا کہنا تھا کہ میں نے عدم تشدد کا سبق عظیم افراد سے سیکھا۔دہشت گرد خواتین کی تعلیم سے ڈرتے ہیں، اسی وجہ سے کوئٹہ میں طالبات کو نشانہ بنایا گیا، دہشتگردوں نے طلبا، استانیوں اور پولیو ورکز کو مارا، دہشت گرد اسلام اور پشتونوں کا نام بدنام کررہے ہیں، قلم کی طاقت بندوق کی طاقت سے زیادہ ہے اور یہ سچ ہے، دہشت گرد اپنے فائدے کیلئے پشتون معاشرے میں اسلام کا غلط استعمال کررہے ہیں۔ملالہ نے کہا کہ معلوم نہیں تقریر کہاں سے شروع کروں۔ میں اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں۔ ان معصوم بچوں اور بڑوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے حوصلہ افزائی کی۔ اقوام متحدہ حکام کا تعلیم کیلئے کوششوں پر شکریہ ادا کرتی ہوں۔ جنرل اسمبلی کے تمام شرکاءکو السلام علیکم،میں اپنے لئے نہیں ہر اس عورت کیلئے دیکھتی ہوں جسے تکلیف ہے۔ میں طالبان سمیت کسی سے بدلہ نہیں لینا چاہتی۔ مجھ پر حملے سے میرے عزم میں کوئی کمی نہیں آئی۔ دہشت گردوں نے مجھے اور میری دو سہیلیوں کو نشانہ بنایا۔ پاکستان ایک امن پسند جمہوری ملک ہے۔ میں یہاں دہشت گردوں کے خلاف بولنے نہیں ہر بچے کی تعلیم کیلئے آئی ہوں۔ اندھیرے میں روشنی کی اہمیت کا علم ہوتا ہے۔ خواتین کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ ہمارا حکومتوں سے مطالبہ ہے کہ وہ تعلیم کو عام کریں۔ ہم تمام حکومتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف لڑیں۔ ہمیں تعلیم سے کوئی نہیں روک سکتا۔ اپنے الفاظ سے دنیا میں تبدیلی لائیں گے۔ پختون تعلیم چاہتے ہیں۔ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں متعدد سکول تباہ کئے گئے۔ تعلیم اور امن کیلئے اپنا سفر جاری رکھیں گے۔ ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔ تعلیم اور یکساں مواقع ہر کسی کا حق ہیں۔ میرے پاس طاقت ہو تو طالبان کے بچوں کو بھی سکول بھیجوں۔ جس ملک میں نصف آبادی کو تعلیم سے محروم رکھا جائے وہ ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ اسلام سمیت ہر مذہب قتل کی بجائے رحم کی تعلیم دیتا ہے۔ ترقی یافتہ ملکوں کو تعلیم کیلئے ترقی پذیر ملکوں کی مدد کرنی ہو گی۔ اگر ترقی کرنی ہے تو تعلیم کا ہتھیار اٹھانا ہو گا۔ جہالت، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کرنی ہو گی۔ اب دنیا کو کہنے کا وقت ہے کہ اپنی پالیسیز امن کیلئے تبدیل کریں۔ قومیت، نسل، رنگ کی بنیاد پر امتیاز بند کیا جائے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہر بچے کو تعلیم، سکول اور بہترین مستقبل ملے۔ قبل ازیں ملالہ والد کے ساتھ اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر پہنچیں تو گورڈن براﺅن نے ان کا استقبال کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملالہ یوسفزئی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات کی اور انہیں فروغ تعلیم کیلئے یادداشت پیش کی۔
نیو یارک (نوائے وقت نیوز+نوائے وقت رپورٹ) ملالہ یوسف زئی کی سولہویں سالگرہ کو ملالہ ڈے کے طور پر منایا گیا۔ اقوام متحدہ نے ملالہ یوسف زئی کی سالگرہ کے دن کو ملالہ ڈے کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا۔ اس حوالے سے عالمی ادارے کے ہیڈ کوارٹر سمیت کئی ملکوں میں انٹرنیشنل یوتھ کانفرنسز کا انعقاد کیا گیا۔ ان کانفرنسوں میں 2015ءتک دنیا میں تمام بچوں خاص طور پر بچیوں کو سکولوں میں تعلیم دلوانے کیلئے قراردادیں پاس کی گئیں۔ پاکستان میں سول سوسائٹی‘ انسانی حقوق کی تنظیموں کے تحت مختلف تقریبات منعقد کی گئیں۔ان پروگراموں میں ملالہ کے تمام بچیوں کو تعلیم کا حق دینے کے پیغام کو اجاگر کیا گیا۔ ملالہ یوسف زئی نے جہالت کے خلاف جہاد کرتے ہوئے تعلیم کے حصول کا سلسلہ جاری رکھا جس کی پاداش میں ان پر حملہ کرکے شدید زخمی کر دیا گیا تھا۔ جس کے بعد انہیں علاج کے لئے لندن بھیجا گیا جہاں وہ صحت یاب ہونے کے بعد نہ صرف اپنی تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں بلکہ اپنے مشن پر کام بھی کر رہی ہیں۔ ملالہ نے قومی امن ایوارڈ بھی حاصل کیا اور نوبل انعام کیلئے بھی انکی نامزدگی ہوئی ہے۔ ٹائم میگزین کی جانب سے ملالہ کو دنیا کے سب سے بااثر افراد کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ ملالہ ڈے پر اے این پی نے ریلی نکالی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ملالہ کو انکی سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اقوام متحدہ کی یوتھ اسمبلی سے خطاب میں سابق برطانوی وزیراعظم گورڈن براﺅن نے ملالہ کو 16 ویں سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوری دنیا ملالہ کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم کیلئے ملالہ یوسفزئی کے مشن کو آگے بڑھائیں گے تبدیلی کیلئے تعلیم ہی واحد حل ہے شدت پسند ملالہ کو روکنے میں ناکام رہے۔ یہ تقریب ملالہ کے خوابوں کی تعبیر ہے۔سربراہ جنرل اسمبلی ووک جیریمک نے کہا کہ ملالہ کے ساتھ اس تقریب میں شرکت میرے لئے اعزاز کی بات ہے ہر بچے کو سکول داخلے کا حق ملنا چاہئے تبدیلی صرف تعلیم کے ذریعے لائی جا سکتی ہے دنیا میں تعلیم پھیلانے کیلئے آج نوجوانوں کی کئی سپر پاور موجود ہے۔ ملالہ کی کوششیں لاکھوں افراد کی امید کا محور ہیں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا کہ ملالہ سب کیلئے قابل تقلید مثال ہے ملالہ یوسفزئی فروغ تعلیم کی چیمپئن ہیں ملالہ نے سالگرہ کے دن بھی تعلیم کو ترجیح دی ملالہ کی تقریر سے پوری دنیا متاثر ہوگی ملالہ کو سکول جانے اور پڑھنے کی پاداش میں نشانہ بنایا گیا ہر بچے کو تعلیم دلوانے کیلئے عالمی برادری متحد ہے۔ ملالہ ہماری ہیروئن اور چیمپئن ہے ملالہ کے ساتھ اس کی سالگرہ منانا ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے۔