کرکٹ کی دنیا کا سروے، وزیراعظم عمران خان بہترین کپتان قرار
پاکستانی وزیر اعظم عمران خان ماضی میں کرکٹ کی دنیا کے بادشاہ رہے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے کرائے جانے والے ایک سروے میں عمران خان بہترین کپتان قرار دیے گئے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے کرائے جانے والے ایک پول میں عمران خان کو 47.3 فیصد ووٹ ملے اور وہ پول میں شامل کپتانوں کی فہرست میں سے سب سے بہترین کپتان قرار پائے۔ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو دنیا بھر میں ان کے کرکٹ ریکارڈز اور کامیابیوں کے سبب سراہا جاتا ہے۔ تاہم وہ ان تمام تر کامیابیوں کے باوجود مقبولیت کے اعتبار سے اب بھی پاکستان کے موجودہ وزیر اعظم اور سابق کرکٹر عمران سے پیچھے ہیں بھلے یہ فرق کچھ زیادہ نہیں ہے۔ آئی سی سی کے اس پول میں انہیں 46.2 فیصد ووٹ ملے۔
کرکٹ کے کھیل کو دنیا بھر میں منظم کرنے والے ادارے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے کرائے جانے والے آن لائن پول میں پوچھا گیا، ''ان عظیم کھلاڑیوں میں سے کس کو آپ سب سے بہترین قرار دیں گے۔‘‘اس پول میں عمران خان کے علاوہ بھارت کے موجودہ کپتان ویرات کوہلی اور جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈے ویلیئرز کے علاوہ آسٹریلوی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان میگ لیننگ کو شامل کیا گیا۔
آئی سی سی نے کرکٹ کے ایسے کھلاڑیوں کو بہترین کپتانوں کے اس ٹوئٹر پول میں شامل کیا تھا جن کی بطور کھلاڑی اوسط کم تھی لیکن کپتان بننے کے بعد ان کی کارکردگی میں واضح بہتری آئی تھی۔اس پول میں 536,346 افراد نے حصہ لیا اور اس میں پاکستانی وزیر اعظم عمران خان اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی بالکل قریب قریب رہے۔ کوہلی کو اس پول میں 46.2 ووٹ ملے، اے بی ڈیولیئرز کو چھ فیصد جبکہ میگ لیننگ کو محض صفر اعشاریہ پانچ فیصد ووٹ ملے۔
پاکستانی اور بھارتی صارفین کے مابین مقابلہآئی سی سی کی بظاہر رائے عامہ جاننے کی ایک عام سی کوشش سوشل میڈیا کی دنیا میں بھی پاکستانی اور بھارتی صارفین کے مابین ایک دلچسپ مقابلہ بن گئی۔