مہنگائی بد امنی نے عوام کا جینا دو بھر کردیاصاحبزادہ ابوالخیرزبیر
کراچی (نیوزرپورٹر)مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ سانحہ مچھ کے مجرموں کو عدم گرفتاری حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ شہر کراچی کے حقوق کے حصول کے لئے جمعیت علما پاکستان اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ نوجوان کی صفوں کو منظم کرکے نفاذ نظام مصطفے کی جدوجہد کو تیز سے تیز کریں گے۔ انجمن نوجوانان اسلام کے غیور کا رکن لادنیت کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں۔ قوم کو اخلاق باختہ کرنے والوں کا احتساب ہوگا۔ یہ بات جمعیت علما پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر نے کراچی پریس کلب میں انجمن نوجوانان اسلام کے سرپرست اعلی ملک محمد نذیر کے ہمراہ انجمن نوجوانان اسلام کی جمعیت علما پاکستان میں شمولیت کے اعلان کے موقع پر مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر جے یو پی کراچی کے صدر علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، جنرل سیکریٹری محمود عسکری، سینئر نائب صدر صوفی عبدالغفار قادری، سید عمران حسین، عبدالوحید یونس، انجمن نوجوان اسلام کے چیئرمین اشتیاق علی، جنرل سیکریٹری ثاقب جمیل، چیف آرگنائزر نعیم علی، ارشد عقیل اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر نے اس موقع پر انجمن نوجوانان اسلام کے کارکنان کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ کا فیصلہ پورے پاکستان بالخصوص کراچی کی سیاست پر مثبت اثرات ڈالے گا۔ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کی شمولیت سے نظام مصطفے کے نفاذ کی تحریک کو جلا ملے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کراچی کے نوجوانوں کو احساس محرومی سے نکالنے اور انہیں ایک فعال شہری بنانے کے لئے رابطہ مہم شروع کی جائے۔ انجمن نوجوانان اسلام کے سرپرست اعلی ملک محمد نذیر نے کہا کہ اے این آئی فکری سطح پر ہمیشہ جے یو پی کے ساتھ رہی اور تمام اکابرین کا احترام کرتی رہی اب ایک بار پھر اپنی تمام طاقت کو مجتمع کرکے جے یو پی کے یوتھ ونگ کے طور پر سامنے آرہی ہے۔ انجمن کے ملک بھر میں ہزاروں کارکنان فخر محسوس کررہے ہیں کہ وہ کبھی مفادات کی سیاست کا حصہ نہ بنے اور آج بھی ایک عظیم مقصد اور مشن کے تحت جے یو پی کے قائدین کے شانہ بشانہ وطن عزیز میں انقلاب نظام مصطفے کے قافلے کا ہر اول دستے کا کردار ادا کرنے کا عہد کررہے ہیں۔