پی ٹی سی ایل پلازہ کسٹمر سینٹر میں آئی ٹی سسٹم خراب
کراچی(سٹی نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کے پلازہ کسٹمر سینٹر میں آئی ٹی سسٹم گزشتہ کئی روز سے خراب ہے جس کے باعث ڈپلیکیٹ بل نکلوانے اور بلوں کی ادائیگی میں صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے عملے کا کہنا ہے کہ سسٹم درست ہونے پر ہی ڈپلیکیٹ بل جاری ہوسکتے ہیں۔ دوسری طرف مشین کے ذریعے بل جمع کرانے میں اگر بل کی رقم موجود نہ ہو تو بقایا جات واپس نہیں ملتے۔ 400 روپے کے بل پر اگر 500 روپے مشین میں جمع کرائے جائیں تو بقایا 100 روپے واپس نہیں ہوتے اس طرح صارفین کو دوہری مشکل کا سامنا ہے یہ بھی نہیں بتایا جارہا کہ آئی ٹی سسٹم کب درست ہوگا اور صارفین کو یہ سہولت کب میسر آئے گی۔