کے اے ایس بی انسٹی ٹیوٹ اور سی ایف او کلب میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط
کراچی (نیوزرپورٹر)خادم علی شا ہ بخاری انسٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور سی ایف او کلب ، پاکستان نے ایک پروقار تقریب میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ۔ تقریب میں ملک کے معروف صنعتکاروں ، سی ایف اوز ، سی ای اوز اور ماہرین تعلیم نے بھی شرکت کی۔اس معاہدے پر کے اے ایس بی گروپ کے چیئرمین ناصر علی شاہ بخاری ، ڈائریکٹر کیسبٹ سید کرامت اللہ حسینی اور صدر سی ایف او کلب ، مسٹر شہزاد ڈیڈھی اور ممبر سی ایف او کلب مسٹر داد خان نے دستخط کیے۔اس معاہدے کا مقصد تعلیمی اداروں اور صنعتوں کے درمیان روابط کو فروغ دینے کے لیے بزنس انکیوبیشن سینٹر اور ایڈوائزری کونسل کے قیام کے لئے مشترکہ کوششوں کی شروعات ہے تاکہ ملکی صنعتوں کے معیار ،تنوع اور تغیر کی جانچ کے ساتھ انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ان اداروں کے قیام سے ملکی افرادی قوت کو مفید بنانے کے لیے تربیتی نشستوں کا اہتمام ،تعلیمی اداروں اور صنعتوں کے باہمی اشتراک سے تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ نیشنل فنانشل ایوارڈ اور جاب فئیر کا انعقاد بھی کیا جائیگا۔تقریب سے شہزاد ڈیڈھی‘ سید کرامت اللہ حسینی‘ سابقہ چئرمین ایف بی آر شبر زیدی اور ممبر پرائیویٹائزیشن کمیشن خرم شہزاد نے خطاب کرتے ہوئے تعلیمی نظام کو مارکیٹ سے ساتھ مربوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔