حکومت عوام کو ڈلیور کرنے میں ناکام ہو گئی ، سجاد خان
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی ) راولپنڈی سے پا کستا ن مسلم لیگ ن کے قومی اسمبلی کے سابق امیدوار سجاد خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کو ڈلیور کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔ مہنگائی کا جن بو تل سے باہر نکل آیا ہے ۔ حکومت اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے اپنا پورا زور پاکستان ڈیمو کر یٹک موومنٹ اور باالخصوص میاں نوازشریف کے خلا ف پروپیگنڈے پر لگارہی ہے ۔ ایک بیان میںانہو ں نے کہا عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکامی کی ذمہ داری سابقہ حکومتوں پر ڈال کر اپنے آپ کو بری الذمہ قرارنہیں دے سکتی ۔
عوام کا ریلہ فروری اور مارچ میں اسلام آباد کی جانب آنے والا ہے جو حکومت کو خس و خاشاک کی طرح بہا لے جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت پاکستان کی ناکام ترین حکومت ہے جس نے نہ صرف عوام کے مسائل میں اضافہ کیا ہے بلکہ ملک پر مزید قرضوں کا بوجھ لاد دیا ہے۔ انہوں نے کہا وہ دن دور نہیں جب میاں نوازشریف پاکستان آئیں گے عوام انہیں چوتھی بار پاکستان کا وزیراعظم منتخب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نوا ز نے پاکستان مسلم لیگ ن میں قیادت کا خلاء پر کیا ہے اور انہوں نے پاکستان کی سیاست میں ایک جرائت مند لیڈر کے طور پر خود کو منوایا ہے۔