پولیو مہم میں ٹیمیں جانفشانی اور ایمانداری سے کام کر رہی ہیں:ڈی سی لاہور
لاہو ( نیوز رپورٹر) ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک نے انسداد پولیو مہم کے دوسرے روز گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم میں ٹیمیں پوری جانفشانی اور ایمانداری سے کام کر رہی ہیں۔ پولیو مہم میں پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے اور وٹامن اے کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز گھر گھر جا کر پولیو کے قطرے پلا رہے ہیں اور 18 لاکھ پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جانے کا ہدف پورا کیا جا رہا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ، اسسٹنٹ کمشنرز ، ڈی ڈی ایچ اوز فیلڈ میں ٹیموں کی سخت مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور ڈور مارکنگ ، فنگر مارکنگ، مائیکرو پلان اور ٹیلی شیٹس کا ازخود جائزہ لے رہے ہیں اور کہا کہ پہلے روز پولیو مہم میں پولیو ٹیموں کی کارکردگی انتہائی تسلی بخش رہی۔ ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے کہا کہ والدین بھی پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔ ڈی سی لاہور مدثر ریاض کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کی پہلے روز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز ، سی ای او ہیلتھ ، ڈی ڈی ایچ اوز سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔