فلاحی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوچکے:وزیر توانائی پنجاب
لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر محمد اختر ملک نے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں عوامی فلاحی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں،ملک میں بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی استعمال میں لا کر الیکٹریکل مشینری اور آلات تبدیل کیے جا رہے ہیں جس سے بجلی کم سے کم خرچ ہو گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنرل ہسپتال بجلی بچاؤ پروگرام کے تحت مکمل ہو نے والے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر محمد اختر ملک نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ جنرل ہسپتال میں سولر سسٹم بھی نصب کیا جائے گا ۔اس موقع پر پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر، ایم ایس ڈاکٹر عبدالرزاق و دیگر تھے۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے صوبائی وزیر برائے توانائی کو بریفنگ دیتے ہو ئے بتایا کہ بڑی تعداد میں پنکھوں،لائٹس اور دیگر الیکٹریکل مصنوعات کو جدید ٹیکنالوجی پر شفٹ کر دیا گیا ہے جس سے سالانہ11کروڑ روپے کی بچت ہو گی ۔