کرونا کی دوسری لہر خطرناک ثابت ہورہی ہے:فرید الدین مصطفی
کوٹری(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر جامشورو کپٹن(ر)
فریدالدین مصطفی نے کہا ہے کہ کرونا اور پولیو کے مہلک بیماری سے عوام کو محفوظ رکھنے کیلئے موثر اقدامات کرنے ہونگے۔کووڈ19کیلئے فرائص انجام دینے والے ڈاکٹر اور عملہ کی خدمات بہتر کرنا ہوگی۔کانٹیکٹ ٹیسٹنگ کو بہتر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔لاپروائی اور غفلت کے مرتکب افراد کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کووڈ19اور پولیو مہم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر کوٹری نذیر ابڑو اسسٹنٹ مختیارکار فیروز مصطفی برفت سمیت محکمہ صحت ایجوکیشن ریونیو کے افسران بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر سے متاثر ہونے والے لوگوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اس حوالے سے موثر اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کووڈ19کیلئے ضلع میں 35ڈاکٹر رکھے گئے ہیں جس میں سے 6غیرحاضر ہیں جبکہ تین ڈاکٹر استعفی دیکر جاچکے ہیں ڈی سی جامشورو نے کووڈ19 ڈاکٹروں کو ہدایت دی کہ وہ سمپلنگ کا عمل تیز کرنے کیساتھ کانٹیکٹ ٹیسٹنگ پر بھی توجہ مرکوز رکھیں تاکہ کرونا کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔انہوں نے غیر حاضر ڈاکٹروں کی تنخواہ روک دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ لاپروائی اور غفلت کے مرتکب افراد کیخلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر حضرات کو ذمہ داری سے کام کرنا ہوگا آپ ملک کا روشن مستقبل ہیں اپنا قومی فریضہ سمجھ کر ہر وقت تیار رہیں۔انہوں نے کہا کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ہم سب کو ملکر لڑنا ہوگا پولیو کے مہلک مرض کو ختم کرنے کیلئے مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنا ہوگا۔انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ سرکاری محکموں اور نجی اداروں کے ملازمین کو پولیو مہم میں تربیت کراکر خدمات لی جائیں اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جائے۔انہوں نے افسران کو باور کرایا کہ اجلاس کے فیصلوں پرمن وعن عمل کیا جائے گا اور کسی قسم کی سفارش قابل قبول نہیں ہوگی۔