نیپرا آئی پی پیز کے ہاتھوں کٹھ پتلی بن چکا ہے،زاہد اعوان
کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان کی سب سے بڑی سبزی وفروٹ منڈی کے رہنما اورپاکستان مسلم الائنس کے مرکزی صدر حاجی زاہد اعوان نے کہا ہے کہ ہمیں معاشی ترقی ،عسکری قوت کے استحکام ، سیاسی و جمہوری نظام کے استحکام، بدعنوانی کا مکمل خاتمہ اور ملک کو خود کفالت کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہر چھوٹی بڑی اندرونی و بیرونی سازشوں سے ہوشیار رہنا ہو گا ۔ ملک میں موجود بجلی کی ڈسٹری بیوشن کا سسٹم پرانا اور ناقابل اعتبار ہے۔ حکومت کی بجلی کے متعلق کوئی ٹھوس پالیسی نہیں ہے۔ توانائی کی وزارت میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی ضرورت ہے،نیپرا ایک ناکام ادارہ ہے۔ اس کا آڈٹ کیا جائے اور بد عنوان افسروں کو فارغ کیا جائے۔ کب تک ہم پرانے معاہدوں کا رونا روتے رہیں گے؟ ،بجلی مہنگی کرنے کے باوجود حکومت گردشی قرضوں کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔ مہنگی بجلی ہونے کے باجود حکومت نے آئی پی پیز کو ادائیگیاں نہیں کی ہیں۔
صارفین سے وصول شدہ رقم کہاں جا رہی ہے؟ نیپرا آئی پی پیز کے ہاتھوں کٹھ پتلی بن چکا ہے۔ بجلی کے ترسیلی نظام کو بھی جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ضروری ہے کہ واپڈا، این ٹی ڈی سی اور مختلف بڑے شہروں کی الیکٹرک تقسیم کار کمپنیوں کے تمام معاملات کو میرٹ پر لانا اور بدعنونیوں سے پاک نظام لانا ہو گا ۔بہت ساری حکومت کی نالائقیاں ہوتی ہیں جو وہ بھارت کے کھاتے میں ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں۔ تحقیقات کے بعد قوم کو درست حقائق بتائے جائیں اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے ۔