رواں مالی سال کی ششماہی میں حاصل کردہ ٹیکسز پچھلے سال کے مقابلے میں 16.4فیصد زیادہ ہیں.،فردوس عاشق اعوان
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کیا ہے کہ سعید غنی صاحب آپ کی لا علمی پر افسوس ہے۔قوم کا مال لوٹنے اور جھوٹے اعداد و شمار پر معیشت چلانے والوں کو یہ بھی علم نہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ رواں مالی سال کی ششماہی میں حاصل کردہ ٹیکس 2085ارب ہے جو پچھلے سال کے مقابلے میں 16.4فیصد زیادہ ہے۔ درآمدات کی تعداد21فیصد کم ہوئی جبکہ داخلی ٹیکسوں یعنی انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور ایکسائز ڈیوٹی میں بالترتیب 21.2فیصد ، 34فیصد اور 25.6فیصد اضافہ ہوا ۔سمارٹ فونز کے ذریعے سالانہ گوشوارے جمع کرانے کیلئے ٹیکس آسان ایپ متعارف کرایا گیا۔ عمران خان وہ پہلے وزیر اعظم ہیں جنہوں نے ملک میں ٹیکس وصولیوں کوایک تحریک کی شکل دی اور ٹیکس نظام میں اصلاحات پر کام شروع کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایف بی آر کے پورٹل پر لوگوں کے سفر ،زمین کے لین دین، ودہولڈنگ اور گاڑیوں سے متعلق تفصیلات میسر ہیں ۔اس سال 105ارب کے ری فنڈ جاری ہوئے۔ پچھلے سال 36ارب کے ری فنڈ جاری ہوئے تھے۔