عراق میں امریکی فضائی اڈے پر ایک اور راکٹ حملے پر مائیک پومپیو برہم

امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ وہ عراق کے دارالحکومت بغداد میں فضائی اڈے پر حملے کے بعد ’ غم و غصے ‘ کا شکار ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں مائیک پومپیو نے کہا کہ ’ عراقی فضائی اڈے پر ایک اور راکٹ حملے کی اطلاعات پر برہم ہوں‘۔انہوں نے کہا کہ ’میں زخمیوں کی فوری صحتیابی کی دعا کرتا ہوں اور عراق کی حکومت سے عراقی عوام پر کیے گئے حملے کے ذمہ داران کے احتساب کا مطالبہ کرتا ہوں ‘۔
خبررساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق مائیک پومپیو نے مزید کہا کہ وہ گروہ جو عراقی حکومت کے وفادار نہیں ہیں، ان کی جانب سے عراق کی خودمختاری کی خلاف ورزیوں کا لازمی خاتمہ ہونا چاہیے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز عراق کے شہر بغداد میں واقع البلد فضائی اڈے پر راکٹوں کے حملوں میں 4 مقامی فوجی زخمی ہوگئے تھے۔