کوئٹہ بم دھماکہ ٗ شرپسند عناصر کی ماحول کو خراب کرنے کی سازش ہے: احسان سدوزئی
ملتان ( خبر نگار خصوصی ) ملتان تنظیمی اتحاد کے چیئرمین احسان خان سدوزئی، وائس چیئرمین ملک فیض رسول رجوانہ و دیگر رہنماؤں شیخ انعام اللہ، ڈاکٹر فاروق لنگاہ، عرفان الحق حقانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ بم دھماکہ شرپسند عناصر کی پر امن ماحول کو پھر سے خراب کرنے کی سازش و کوشش ہے، انہوں نے دہشت گردی کی بزدلانہ کار روائی میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بزدل دہشت گرد ایک مرتبہ پھر شہر اور صوبے کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں، دیر پا امن کے قیام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، معصوم اور بے گناہ شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ دہشت گردوں کو دوبارہ سے سر اٹھانے کا موقع نہ دیا جائے۔ زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات دی جانی چاہیے، اتحاد کے رہنماؤں نے جاں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔