اسلام آباد میں دو روز سے ہونے والی بارش سے وفاقی دارالحکومت میں موسم شدید سرد ہوگیا ، وادی کاغان میں برف باری کا 15سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ملک کے بیشتر علاقوں میں کہیں ہلکی بارش تو کہیں شدید برف باری کا راج ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔دیربالا میں لواری ٹنل کے اطراف سمیت کئی بالائی علاقوں میںشدید برف باری ہوئی جہاں ضلعی انتظامیہ نے مسافروں کی سہولت کے لیے کنٹرول روم قائم کردیا ہے۔ وادی کاغان میں برف باری کا 15سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا،مختلف مقامات میں شوگراں، بھونجہ اور ناران میں چار فٹ سے زائد برفباری ہوئی جس کے باعث مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا ہے جبکہ درجہ حرارت منفی 7تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شدید پھسلن سے شاہراہ ریشم سمیت متعدد سڑکوں پر ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی ہے جبکہ بعض علاقوں میں بجلی 14 گھنٹوں سے بند ہے ۔اسلام آبادکے نواحی علاقے شاہ اللہ دتہ میں برف باری جبکہ ملکہ کوہسار مری میں رات بھر وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز برف باری ہوئی جس کے باعث راستے بند ہونے سے کئی سیاحوں نے رات گاڑیوں میں گزاری، اکثر سڑکیں بند ہوچکی ہیں اور شدید ٹریفک جام ہے جس کے باعث گاڑیوں کی میلوں لمبی قطار لگی ہیں اور سیاح پھنس کر رہ گئے ہیں۔ سڑکوں پر رش اور ٹریفک جام کے باعث مشینری سے برف کی صفائی میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔مری انتظامیہ نے سیاحوں کو ٹول پلازہ، جھیکا گلی اور لوہرٹوپہ سے ہی واپس بھیجنے کا الرٹ جاری کردیا ہے جس پر سیاحوں کی جانب سے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اپنی نااہلی چھپانے کیلئے سیاحوں کو واپس بھیج رہی ہے ۔ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ناران میں بھی ہلکی برف باری ہوئی جس سے کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں ۔پنجاب میں جہلم، ساہیوال، سیالکوٹ اور آزادکشمیر میں ابر رحمت نے سردی میں مزید اضافہ کردیا ۔شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئی تک بند کردیا جسے بعد میں کھول دیا گیا، جبکہ چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال، ملتان، بہاولپور، رحیم یارخان اور صادق آباد میں بھی دھند ہی دھند چھائی رہی۔دوسری جانب دھند میں کمی کے بعد پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد، اور گوجرہ موٹروے سیکشن کھول دیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جبکہ کوئٹہ صفر، پشاور 4، لاہور اور ملتان 7، اسلام آباد 8 اور کراچی میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38