وفاقی وزیرتعلیم کی این سی اے کو چارٹرڈ یونیورسٹی کا درجہ دینے کی یقین دہانی
لاہور( کامرس رپورٹر ) وفاقی وزیر تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ شفقت محمودنے این سی اے کو چارٹرڈ یونیورسٹی کا درجہ دینے کے حوالے سے بھی یقین دہانی کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل کالج آف آرٹس ہم سب کا تاریخی ورثہ ہے، لہٰذا اس کالج کی ترقی اور بہتری کیلئے ہم سب کچھ کریں گے۔انہوں نے اس امر کا اظہار گزشتہ روز نیشنل کالج آف آرٹس بیچلرزڈگری شو کی افتتاحی تقریب میں میڈیا سے گفتگو میں کیا ہے ۔ افتتاحی تقریب میں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو، وفاقی وزیر برائے پلاننگ، ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارمز مخدوم خسرو بختاور، ایرانی کونسل جنرل اور ڈائریکٹر خانہ فرہنگ سمیت دیگر نے شرکت کی۔تقریب میں وفاقی وزیر برائے تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ شفقت محمود کا میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہ نیشنل کالج آف آرٹس کی تاریخ بہت قدیم ہے اور یہ ادارہ بہت عظیم الشان ہے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ انہیں کالج کو درپیش جگہ کی کمی کا احساس ہے۔ کالج بجٹ میں اضافے کیلئے بھی پرنسپل صاحب سے بات ہوئی ہے۔وفاقی وزیر تعلیم نے کہاانصاف کی عدم فراہمی،خواندگی کی سست رفتار شرح ، سکولوں سے باہر بچوں کی بڑی تعداد پریشان کن مسائل ہیں۔یکساں نظام تعلیم کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ گفتگو کررہے ہیں انھیں قائل کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ یکساں نظام تعلیم ہوگا تو ہی ایک قوم کا روپ دھار سکیں گے، وفاقی حکومت اٹھارویں ترمیم کے خلاف نہیں ہے لیکن تعلیمی نصاب اور اعلیٰ تعلیم وفاق کے پاس ہونی چاہیے۔