شاہ زیب قتل کیس:سپریم کورٹ نے سول سوسائٹی کی اپیل سماعت کیلیے منظورکرلی,قابل ضمانت وارنٹ بھی جاری

13 جنوری 2018 (15:51)

چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثارنے شاہ زیب قتل کیس میں سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سول سائٹی کی اپیل سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے ملزمان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ہفتہ کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں شاہ زیب قتل کیس پر سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سول سوسائٹی کی اپیل سنی جو سماعت کے لیے منظور کرلی گئی۔چیف جسٹس پاکستان نے مبینہ مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی سمیت سراج تالپور، سجاد تالپور اور مرتضی لاشاری کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے دیا۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اس حوالے سے وزارت داخلہ کو تمام ایئرپورٹس کو ہدایت نامہ بھیجنے کا حکم دیا دیا۔عدالت عظمی نے کیس کے تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ملزمان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیئے۔واضح رہےسندھ ہائی کورٹ کی جانب سے شاہ زیب قتل کیس کے مبینہ مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی اور دیگر کی سزائیں کالعدم قرار دینے اور کیس میں انسداد دہشت گردی کی دفعات ختم کیے جانے کے بعد سیشن کورٹ نے شاہ رخ جتوئی سمیت تمام ملزمان کو ضمانت پر رہاکردیاتھا۔سول سوسائٹی نے کیس میں سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کے فیصلے اور اس کے نتیجے میں ملزمان کی رہائی کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیلنج کیا گیا تھا۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے شاہ زیب قتل کیس کی اپیل 6 جنوری کو اسلام آباد طلب کی تھی جس کے بعد ہفتہ کو اپیل سماعت کے لیے مقرر کی گئی تھی۔