رشید ڈی حبیب میموریل نیشنل گالف

13 جنوری 2018

کراچی ( اسپورٹس رپورٹر)بینک الحبیب کے ساتویں رشید ڈی حبیب میموریل نیشنل گالف ٹورنامنٹ کے دوسرے روز دفاعی چیمپین شبیر اقبال نے 104گالفرز کے مدِ مقابل اپنے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے 138 گراس کے ساتھ برتری برقرار رکھی۔ اسلام آباد کے ایم منیر آج بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 انڈر پار کے ساتھ شبیر کے قریب آ چکے ہیں۔ منیر، ڈی ایچ اے کے معظم صدیق، کراچی گولف کلب کے امجد یوسف اور احمد سعید، لاہور گیریزن گولف کے مطلوب احمد کے ساتھ 140 گراس کا اسکور کر کے دوسری پوزیشن پر ہیں۔ شبیر صرف پہلے ہول پر ایک برڈی کر سکے۔ کراچی گالف کلب کے محمد زبیر نے بھی آج 5 انڈر پار کے ساتھ بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ کراچی گالف کلب کے ہی وحید بلوچ 146 گراس کرنے میں کامیاب ہوئے۔ پاکستان گالف فیڈریشن کے کیلینڈر میں بینک الحبیب ٹورنامنٹ کا شمارسب سے زیادہ انعامی رقم دینے والوں میں ہوتا ہے۔ ہمیشہ کی طرح اس سال بھی پانچ لاکھ روپے کی مجموعی اپیئرنس منی پاکستان کے پانچ بہترین گالفرز میں برابر تقسیم کی جائے گی۔ ٹورنامنٹ کے دوران ہول ان ون کرنے والے خوش نصیب کے لیے بطور انعام رکھی گئی نئی ٹویوٹا کا ر جیتنے کے لیے ابھی دو دن کا وقت باقی ہے۔