سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 14 فیصد اضافہ

13 جنوری 2018

کراچی (اے پی پی) رواں مالی سال 2017-18 کی پہلی ششماہی کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 14 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ سیمنٹ کی مقامی فروخت میں 20فیصد اضافہ اور برآمدات میں 17فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے دوران سیمنٹ کی مقامی طلب میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور سیمنٹ تیار کرنے والی ملکی صنعت غیر ملکی منڈیوں کی بجائے مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی فروخت کے اضافہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیمنٹ ساز صنعت اپنی مجموعی پیداواری استعداد کی95 فیصد کے مساوی پیداوار حاصل کر رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت ایک کروڑ 94 لاکھ 30 ہزار 640 میٹرک ٹن رہی جو رواں سال کے اسی عرصہ کے دوران 2کروڑ 22 لاکھ 42 ہزار 346 میٹرک ٹن تک بڑھ گئی ہے۔