کولمبو میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش‘ سری لنکن صدر نے افتتاح

13 جنوری 2018

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش کا افتتاح گزشتہ روز سری لنکا کے صدر‘ پاکستان کے وزیر تجارت پرویز ملک اور سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر نے کیا۔ مصنوعات کی یہ تیسری نمائش ہے۔ وزیر تجارت پرویز ملک نے نمائش کے افتتاح کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان بہترین سفارتی مراسم ہیں۔ سری لنکا پاکستان کے لئے تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے لئے ترجیحی ملک ہے۔ وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان دنیا میں ابھرنے والی معیشتوں میں سے ایک ہے۔ پاکستان میں تجارت کا ماحول بہت دوستانہ ہے۔ حکومت کی سرمایہ کاری کے لئے سازگار پالیسیوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیر تجارت نے کہا کہ یہ نمائش سری لنکا کے صنعتکاروں اور تاجروں کے لئے دلچسپی کا سبب ہو گی۔ سری لنکا کے تاجر‘ صنعتکار اور شہری نمائش میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔