لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ نے ماتحت عدالت کی جانب سے پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے اور ان کے والد کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کیخلاف درخواست پر ان کے وکیل سے متعلقہ دستاویزات طلب کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ وکیل نے بتایاکہ صنم جاوید ایک سماعت پر 9 مئی کے دو مقدمات میں انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں پیش نہ ہوسکیں۔ اے ٹی سی عدالت نے صنم جاوید کی حاضری معافی کی درخواست بھی مسترد کر دی۔ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جبکہ صنم جاوید کے والد جاوید اقبال کو شو کاز نوٹس جاری کردیئے۔ لہٰذا کالعدم قرار دیا جائے۔ دریں اثنا لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شیخ امتیاز محمود کے خلاف مقدمات اور انکوائریوں کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے دائر درخواست فائل چیف جسٹس کو بھجواتے ہوئے متعلقہ بینچ کے روبرو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی سفارش کردی۔ جسٹس چوہدری محمد اقبال نے شیخ امتیاز محمود کی اہلیہ صائمہ امتیاز کی درخواست پر سماعت کی۔
صنم جاوید کے ضمانتی مچلکوں کی ضبطی فیصلے کیخلاف ہائیکورٹ میں سماعت
Feb 13, 2025