کراچی(این این آئی)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر امین الحق نے کہا ہے کہ آئین میں ترمیم کی جائے تو ایم کیو ایم وفاق میں حکومت کے ساتھ چلنے کو تیار ہے۔میڈیا سے بات چیت میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ ایم کیوایم بیگانے کی شادی میں عبداللہ دیوانہ والا کام نہیں کرتی۔ شہباز شریف نے خالد مقبول کو فون کر کے لاہور آنے کی دعوت دی تھی۔ اگر آئین میں ترمیم کی جائے تو ہم وفاق میں حکومت کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں۔امین الحق نے مزید کہا کہ ہم آئینی ترمیم سے بلدیاتی نظام کو ڈی سینٹرلائز کرنا چاہتے ہیں۔ ایم کیو ایم کے دروازے تمام سیاسی جماعتوں کیلیے کھلے ہیں، بیرسٹر گوہر فون کریں گے تو بات کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ امید تھی کراچی سے 18 سیٹیں جیتیں گے، ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی لیکن ایم کیو ایم کراچی کی سب سے بڑی جماعت ہے اور بھاری مینڈیٹ حاصل کر کے پوری طاقت کے ساتھ کراچی میں موجود ہے۔ ایم کیوایم کے بائیکاٹ پر ہی جماعت اسلامی کو بلدیاتی سیٹیں ملی تھیں۔ایم کیو ایم رہنما نے کہاکہ کے 4 منصوبے کو مکمل کرنا ہماری ترجیح ہو گی جب کہ حیدرآباد یونیورسٹی میں چند ہفتوں میں کلاسز کا انعقاد بھی ترجیحات میں شامل ہے۔