لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ ڈی ایس پیز کا پولیس فورس کی ورکنگ میں انتہائی اہم کردار ہے جو سرکل لیول پر فورس کو سپروائزر کرنے کے فرائض سر انجام دیتے ہیں۔کرائم کنٹرول اور ایڈمنسٹریشن کو یکساں اہمیت دینے والا ہی کامیاب افسر ہے۔ لہٰذا نئے پروموٹ ہونیوالے ڈی ایس پیز جرائم کنٹرول، انتظامی امور، پبلک سروس ڈلیوری کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا موثر استعمال یقینی بنائیں۔ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ ماتحت فورس کی استعدادکار میں اضافے، ضروریات اور ویلفیئر کا خاص خیال رکھیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ڈی ایس پی رینک پر پروموٹ ہونے والے افسران کے اعزاز میں سجائی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں آئی جی نے انسپکٹر سے ڈی ایس پی رینک پر پروموٹ ہونے والے 36 افسران کو نئے عہدوں کے رینک لگائے۔ جبکہ ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کے سلسلے میں اقدامات جاری ہیں۔جس کے تسلسل میں کمپنسیشن ایوارڈ کمیٹی نے پولیس ملازمین کے طبی اخراجات کیلئے مزید 13 لاکھ روپے جاری کر دئیے ہیں۔