شارٹ فلم مقابلے میں ’’میرا شہر‘ میری کہانی‘‘ کی پہلی پوزیشن
کراچی ( نوائے وقت نیوز)کراچی ائز کارپ انٹرٹینمنٹ نے مقامی کلچرل سینٹر میں سوشل میڈیا ویڈیو مقابلے کا انعقاد کیا۔ ’میرا شہر، میری کہانی‘ کے عنوان سے یہ مقابلہ دو تنظیموں کے تحت ہوا جن میں ٹیم محافظ اور بسیلا اینڈ دی اسٹریٹ کریو شامل ہیں۔ اس مقابلے کا مقصد معاشرے میں اظہارِ رائے کی آزادی اور تخلیقی مکالمے کو فروغ دینا تھا۔ اس کے تحت سوشل میڈیا پر ایک تحریک چلائی گئی تاکہ فلم ساز افراد ایسے موضوعات پر تخلیقات پیش کریں جو ٹیم محافظ اور بسیلا کے معیارات اور منشور کے تحت بنائی جائیں۔ اس ضمن میں ائز کارپ کے سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر ہدایت دیدی گئی تھیں۔ٹیم محافظ میں کثیرلسانی، کثیرقومی اور مختلف عقائد سے تعلق رکھنے والے 10 نوعمر ہیروز پیش کئے گئے جو معاشرتی برائیوں اور ناسور سے لڑتے ہیں۔ جبکہ بسیلا اینڈ دی اسٹریٹ کریو ایک لڑکی کی کہانی ہے جو لیاری گینگ وار میں اپنے والدین کھودیتی ہے اوربعد ازاں اس کی پرورش خواجہ سرا عزیزہ کے ہاتھوں ہوتی ہے۔ برانڈ کے تحت ویڈیو مقابلے کو دو زمروں میں تقسیم کیا گیا تھا جن میں ٹیم محافظ کے تحت بین المذاہب ہم ا?ہنگی، عقیدے اور مذہب کی آزادی اور سماجی انصاف تھاجبکہ بسیلا اینڈ دی اسٹریٹ کریو کے تحت بنیادی انسانی حقوق، بچوں کے اغوا، گھریلو تشدد ، شہری صحافت اور اظہار کی آزادی جیسے موضوعات پر تخلیقات پیش کی گئیں۔