محکمہ سکولز ایجوکیشن استاد دوست ای ٹرانسفر پالیسی متعارف کرا رہا ہے:مراد راس
لاہور (سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار صوبائی محکمہ سکولز ایجوکیشن استاد دوست ای ٹرانسفر پالیسی متعارف کروا رہا ہے۔5ہزار سے زائد ماہانہ فیس وصول کرنے والے نجی سکولوں سے 20فیصد فیس واپس لے کر ان سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے والدین کو لوٹائی جائیں گی۔اسی طرح 12اپریل؎؎؎؎؎؎تک رجسٹریشن نہ کروانے والے پرائیویٹ سکولوں کو بند کردیا جائے گایہ بات انہوں نے گذشتہ روز ڈی جی پی آرآفس میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید اور ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب امجد حسین بھی موجود تھے۔صو بائی وزیرمراد راس نے کہا کہ پرائیوٹ سکولوں میں زیر ِتعلیم بچوں کے والدین سکول انتظامیہ کی جانب سے اضافی واجبات کی عدم ادائیگی کی صورت میں محکمہ کی جانب سے شکایات کیلئے مختص نمبر0336-7251214پر اپنی شکایات درج کروائیں،ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سکول مالکان سپریم کورٹ کے فیسوں میں کمی کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنائیںوگرنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی صوبائی وزیرمراد راس نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کلاس روم میں طالب علموں اور اساتذہ کی تعداد کے تناسب کو بہتر بنانے کے لیے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا۔