چیلنجز سے نبٹنے کیلئے فلاحی اداروں کو حکومت کا ساتھ دینا ہو گا: ڈاکٹر عبدالقدیر خان
لاہور (نیوز رپورٹر) محسن پاکستان ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ موجودہ حالات میں صحت اور تعلیم کے مسائل بڑھتے جا رہے ہیں۔ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے حکومت کا ساتھ دینے کے لئے فلاحی اداروں کو آگے بڑھنا ہوگا۔ صحت کے شعبہ میں انقلابی اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لئے مینار پاکستان کے سائے تلے ڈاکٹر اے کیو خان کے نام سے ہسپتال بنایا جا رہا ہے۔ جہاں مستحق اور نادار مریضوں کو علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ وہ ہسپتال کے تمام امور کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ ہسپتال کا دورہ کرکے مریضوں اور سٹاف سے ملاقات بھی کی وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ہسپتال میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کہ وہ ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کی اراضی کے لئے لیز کے معاہدے پر نظرثانی کریں۔یہ فلاحی ہسپتال بنایا گیا، یہاں پر لوگوں کو مفت علاج معالجے کی سہولیات دی جا رہی ہیں۔ حکومت کو ایسے فلاحی اداروں کو سپورٹ کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کے زیر اہتمام ڈونرز کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے کیا۔ اس موقع پر ڈونرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سات کروڑ روپے کے عطیات جمع کروائے گئے۔۔ عشائیہ میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر شوکت ور نے بھی شرکت کی۔ ڈونرز کو ہسپتال کے امور کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ہسپتال کو قائم کئے ہوئے چار سال مکمل ہوچکے ہیں۔ یہاں پر اب تک ساڑھے تین لاکھ مریض مستفید ہوچکے ہیں جنہیں مفت علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ہسپتال میں عالمی معیار کے ڈ ائیلاسز سنٹر میں تمام سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ 300بستروں پر مشتمل 7منزلہ مین بلڈنگ کے چار فلور کے گرے سٹرکچر مکمل ہوچکا ہے۔ اکتوبر 2020میں ہسپتال کی مین بلڈنگ مکمل کرکے تمام سہولیات فراہم کر دی جائیں گی۔