مہاجر کو ہر شعبے میں نظرانداز کیاجارہا ہے: ڈاکٹر سلیم حیدر
کراچی(سٹی ڈیسک)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ کراچی میں قیام پاکستان سے آباد مہاجروں کو ہر شعبے میں نظرانداز کیا جارہا ہے۔ جس کے باعث مہاجروں میں احساس محرومی شدت اختیار کرگئی ہے۔ جس کا فوری تدراک نہ ہوا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کے مہاجر اب اپنے ہی شہر میں خود کو اجنبی سمجھنے لگے ہیں کیونکہ سرکاری دفاتر سے لے کر تعلیمی اداروں تک میں مہاجروں کو اقلیت میںتبدیل کردیا گیا ہے۔سندھ کے کونے کونے سے سندھی النسل افسران کو لاکر سندھ سیکریٹریٹ اور کراچی کے دیگر صوبائی و وفاقی اداروں کے دفاتر میں لاکر تعینات کیا گیا ہے جو تعصب کی بنیاد پر معاملات چلارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کیلئے قربانیاں دینے والے اپنے گھر بار اور اپنے آباؤ اجداد کو چھوڑ کر یہاں آکر ان شہروں کو گل و گلزار بنانے کی سزا اس طرح کا متعصبانہ عمل ہے تو پھر مہاجروں میں بھی منفی رجحانات کا جنم لینا فطری عمل ہے لیکن اب یہ سمجھتے ہیں کہ مہاجر پاکستان کے خالق ہیں وہ ہر حال میں پاکستان کی تعمیروترقی میں اپنا کردار ااد کرتے رہیں گے۔