جامعہ کراچی میں پوائنٹس کا بحران شدید‘ طلبہ پریشان
کراچی(سٹی ڈیسک) جامعہ کراچی میں کورنگی اور اورنگی کے پوائنٹس نہ چلنے اور پوائنٹس میں جگہ کم ہونے سے طلبہ و طالبات کو بے انتہا مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلامی جمعیت طلبہ کے نگراں ٹرانسپورٹ کاشف خان کو 200 سے زائد طلبہ و طالبات کی درخواست موصول ہوئی جو کہ ان راستوں کے پوائنٹس استعمال کرتے ہیں، اب وہ طلبہ و طالبات پرائیویٹ ٹرانسپورٹ میں آنے پہ مجبور ہیں۔ جمعیت کے نگراں ٹرانسپورٹ نے یہ درخواستیں چیئرمین ٹرانسپور ٹ ڈاکٹر ضامن تک پہنچائی جس کے بعد چیئرمین کی جانب سے اس مسئلہ کو حل کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال ایچ ای سی کی جانب سے 10 پوائنٹس کا بجٹ منظور کیا گیا تھا جس کے بعد وہ رقم جامعہ کراچی کو دے دی گئی تھی، تاہم اب تک پوائنٹس کی خریداری کے معاملے میں کوئی پیش رفت دیکھنے میں نہیں آئی۔ کاشف خان کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ جامعہ کراچی کے پوائنٹس کی خستہ حالی انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، پوائنٹس میں نصب غیر معیاری ٹائر کی وجہ سے پوائنٹس میں سفر کرنے والے طلبہ و طالبات کی زندگی داؤ پر ہے،جامعہ انتظامیہ فی الفور پوائنٹس میں اضافہ کرے اور موجودہ پوائنٹس کی صورتحال بہتر کرے۔