ٹیکسٹائل سمیت صنعتوں کو گیس کی بندش قابل مذمت ہے:امیر العظیم
لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ سوئی نادرن گیس کی جانب سے پاور فرٹیلائزر ، سی این جی، ٹیکسٹائل سمیت متعدد شعبوں کو گیس کی سپلائی بند کرنا قابل مذمت ہے۔ اس سے گھریلوصارفین کے ساتھ ساتھ تاجر برادری کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ ایک طرف عوام کو گیس دستیاب نہیں تو دوسری طرف رہی سہی کسر گیس کے بلوں میں ہوشر با اضافے نے پوری کردی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روزلاہور میںمختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر العظیم نے کہا کہ ملک میں مسائل کے انبار لگے ہیں۔ صرف پنجاب میں 48لاکھ بچے اور پورے ملک میں اڑھائی کروڑ بچے اسکول جانے کی بجائے مختلف کارخانوں، ورکشاپوں، بھٹوں، ہوٹلوں اور دکانوں پر کام کررہے ہیں۔ اس حوالے سے قوانین کی بھر مار ہونے کے باوجود بہتری دکھائی نہیں دیتی۔ پرائیویٹ اسکولوں نے تعلیم کو فروغ علم سے زیادہ کاروبار کا ذریعہ بنالیا ہے۔ مفت اور معیاری تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے ،اس حوالے سے ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کرے۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو برسر اقتدار آئے چھ ماہ ہونے کو ہیں مگر کسی بھی شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص حکومتی کارکردگی سے خوش نہیں۔