پاکستان کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں جاندار کم بیک کیلئے پر امید ہوں، سٹارک
سڈنی (اے پی پی)آسٹریلوی ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بائولر مچل سٹارک نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ پاکستان کے خلاف شیڈول ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں جاندار کم بیک کیلئے پر امید ہیں، سٹارک نے انجری مسائل کے باعث دورہ بھارت سے دستبرداری اختیار کی تھی اور ان دنوں بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں۔آسٹریلوی ٹیم آئندہ ماہ پاکستان کے خلاف پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ سٹارک نے اپنے بیان میں کہا کہ فٹنس مسائل کے باعث بھارت کے خلاف سیریز نہ کھیلنے پر دکھ ہے لیکن میری خواہش ہے کہ ٹیم فتوحات کے ساتھ واپس وطن لوٹے۔ انہوں نے کہا کہ میں بحالی صحت کیلئے سخت محنت کر رہا ہوں اور اگر سب پلان کے مطابق ہوا تو مجھے پوری امید ہے کہ پاکستان کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز سے قبل سو فیصد فٹنس حاصل کر لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ورلڈ کلاس ٹیم ہے اور متحدہ عرب امارات میں اس کا ریکارڈ بھی اچھا ہے اسلئے میں سمجھتا ہوں کہ یہ سیریز ورلڈ کپ کی تیاریوں کیلئے بہت فائدہ مند ثابت ہو گی۔