اقتصادی رابطہ کمیٹی: شیخوپورہ سے نوشہرہ آئل پائپ لائن منصوبہ کی بولی منسوخ، پی آئی اے کیلئے 5 ارب 60 کروڑ منظور
اسلام آباد(آئی این پی ) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے قومی ائرلائن کے لیے 5 ارب 60 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دیدی ، رقم پی آئی اے میں جہازوں کے انجن کی مرمت اور پرزوں کی خریداری کے لیے استعمال کی جائے گی، اجلاس میں مائیک تروجابا آئل پائپ لائن منصوبہ کا معاملہ اور موسم خریف 2019 میں کپاس کی پیداوار میں اضافہ پر بھی غور کیا گیا۔ منگل کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں پی آئی اے کے لیے منظور کیے گئے پانچ ارب 60 کروڑ روپے کی رقم پی آئی اے میں جہازوں کے انجن کی مرمت اور پرزوں کی خریداری کے لیے استعمال کی جائے گی۔ای سی سی اجلاس میں 6 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔اجلاس میں قومی ائرلائن کی معاونت سمیت گوادر پورٹ اور گوادر فری زون کے لیے بھی ضروری ترامیم پیش کی گئیں۔پٹرولیم مصنوعات، مارکیٹنگ لائسنس کے اجرا کے لیے نئے قواعد و ضوابط کے حوالے سے سمری بھی اجلاس میں پیش ہوئی جب کہ مائیک تروجابا آئل پائپ لائن منصوبہ کا معاملہ بھی اجلاس میں زیر غور آیا۔موسم خریف 2019 میں کپاس کی پیداوار میں اضافہ پر بھی اجلاس میں غور کیا گیا۔