کراچی: ایم کیو ایم کے دفتر پر فائرنگ کا مقدمہ د رج نہ ہوسکا
کراچی (این این آئی) نیو کراچی میں ایم کیو ایم کے دفتر پر فائرنگ کا مقدمہ تاحال درج نہیں ہو سکا، پیر کی شب فائرنگ کے واقعہ ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں ایس ایم جی اور نائن ایم ایم پستول استعمال کیے گئے، ایس ایم جی کے 16خول اور نائن ایم ایم کے13خول موقع سے ملے تھے۔ تفتیشی ذرائع نے بتایا ہے کہ خولوں کی فارنزک رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی ہے، فائرنگ کے وقت دفتر میں کئی افراد موجود تھے۔ فائرنگ کرنے والے ملزمان کا نشانہ دفتر میں موجود تمام ہی افراد تھے، دفتر میں موجود دیگر لوگوں نے چھپ کرجان بچائی۔ تفتیشی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ 3موٹر سائیکلوں پر سوار 6ملزمان نے ایم کیو ایم کے دفتر پر فائرنگ کی جس کے بعد وہ باآسانی فرار ہو گئے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق اس واردات کے حوالے سے 2 مختلف پہلوؤں پر تفتیش کر رہے ہیں۔جاں بحق ہونے والے ایم کیو ایم کے کارکن شکیل کی نماز جنازہ بعد نماز عصر ادا کی گئی۔