غیرملکی کھلاڑی بھی پاکستان سپر لیگ میں رنگ جمانے کو تیار
لاہور (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کی آمد سے قبل ہی تمام ٹیمیں متحدہ عرب امارات پہنچ چکی ہیں اور دیگر ٹیموں کی طرح پشاور زلمی کے غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی اپنی ٹیم کو جوائن کرلیا۔پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی، لیام ڈاسن، ڈیوڈ ملان اور وین میڈسن نے دبئی میں ٹیم کو جوائن کیا۔پاکستان سپر لیگ سیزن ٹو کی فاتح اور گزشتہ سیزن کی رنراپ ٹیم پشاور زلمی نے بلند حوصلوں اور کامیابی کا عزم لیے دبئی میں پی ایس ایل سیزن فور کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز کردیا۔اپنے رنگ میں رنگنے کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پشاور زلمی نے وین میڈسن کو بھی اپنے رنگ میں رنگ لیا جو ٹیم کے ساتھ پہلے ہی روز اردو اور پشتو بولتے نظر آئے۔انہوں نے اردو اور پشتو سیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور ساتھ ہی پشاور زلمی کے لیے اچھی کارکردگی دکھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا دیگر کھلاڑیوں میں ابتسام شیخ اور عمید آصف نے بھی مسلسل دوسری مرتبہ پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ غیر ملکی کھلاڑی اپنا رنگ جمانے کے لیے تیار ہیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی مرکزنگاہ ہونگے جبکہ سْمیت پٹیل اوروین پارنیل بھی جادو جگائیں گے۔ لاہورقلندرز کا انحصاراے بی ڈیویلئیرزپرہوگا جبکہ پشاورزلمی کے ڈیرن سیمی بھی فینزکا لہو گرمائیں گے۔شین واٹسن اس بار بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرزمیں رنگ جمائیں گے اور کولن انگرم اورکولن منروکراچی کنگز کا حصہ ہیں جبکہ جارح مزاج آندرے رسل ملتان سلطانز کی امیدوں کا محور ہونگے۔