وزارت قومی صحت کا اسلام آباد میں پھل دار پودے لگانے کا فیصلہ
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)وزارت قومی صحت نے وفاقی دارالحکومت میں پھل دار پودے لگانے کا فیصلہ کیا ہے ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد میں1000 پھل دار پودے لگائے جائیں گے۔ یہ بات وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے فضل الحق روڈ کی گرین بیلٹ پر پھل دار پودے لگانے کے منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پھل دار پودے فضل الحق روڈ کی گرین بیلٹ پر لگائے جائیں گے۔وزارت صحت و مقامی آبادی پودوں کی دیکھ بھال کی ذمے دار ہو گی۔ اس شجر کاری مہم میں جامن، آڑو، امرود، لوکاٹ، آلوبخارہ، چیکو کے پودے لگائے جائیں گے۔ عامر محمود کیانی نے کہا پھل دار شجر کاری وزیر اعظم کے بلین ٹری سونامی منصوبے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں مزید مقامات پر پھل دار پودے لگائے جائیں گے شجر کاری مہم کا مقصد گلوبل وارمنگ سے مقابلہ کرنا ہے۔