اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، کپاس کی پیداوار کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کی منظوری
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر خزانہ اسد عمر کی صدارت میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ملک میں کپاس کی پیداوار کو بہتر بنانے کے اقدامات کی منظوری دیدی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری فوڈ سیکورٹی نے کپاس کی فصل کو درپیش ایشوز کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں کپاس اگانے کے ماہرین نے بھی شرکت کی جنہوں نے اپنی تجاویز پیش کیں۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت فوڈ سیکورٹی کو ہدایت کی کہ ایک ماہ کے اندر ملک کے اندر تمام فصلوں اور خصوصی طور پر کپاس کے حوالے سے ایک تفصیلی منصوبہ پیش کرے۔ منصوبے میں تحقیق اور ترقیات کے پہلو کو بھی پیش نظر رکھا جائے۔ وزارت صنعت و پیداوار کو ہدایت کی گئی کہ ٹیکسٹائل ملز سے ’’کاٹن سیس‘‘ کی وصولی کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں پی آئی اے کے کھڑے ہوائی جہازوں کی مرمت کے لئے مزید 5.6 ارب روپے کی گارنٹی دینے کی بھی منظوری دی گئی۔ وزارت بحری امور کی طرف سے گوادر کی بندرگاہ اور گوادر فری زون کے لئے رعایات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی نے سرمایہ کاری بورڈ کو ہدایت کی ان تمام کا جائزہ لیکر کمیٹی کو بتایا جائے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے فرنٹیئر آئل کمپنی کو تاروجبہ آئل پائپ لائن منصوبے پر عمل کرنے کی اجازت دیدی۔ وزارت بحری امور کی طرف سے ایل این جی کے نئے ٹرمینل کے مقامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ کمیٹی نے ملک میں ایل این جی کی درمیانی اور طویل میعاد میں ضروریات کے بارے میں رپورٹ تیار کر کے کمیٹی میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔