15 مرغیاں دیگر سامان چرانے والے کی درخواست، سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹ سے ریکارڈ مانگ لیا
اسلام آباد ( نوائے وقت نیوز) سپریم کورٹ نے 15مرغیوں سمیت دیگر اشیا کی چوری میں ملوث ملزم کی درخواست پر ٹرائل کورٹ سے تین دن میں ریکارڈ مانگ لیا ہے۔ جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔ جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ تمام ریکوریز کا جائزہ لیا جائے گا۔ ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ زاہد عادی مجرم ہے، اسکے خلاف کل آٹھ مقدمات درج ہیں، جبکہ ملزم زاہد کیخلاف اسلام آباد میں ہی چار مقدمات درج ہیں۔ ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزم سے کمپیوٹر، ایل سی ڈی، ٹی وی سمیت 25 اشیا برآمد ہوئیں، ملزم کٹر اور دیگر اوزاروں سے گھروں سے گھس کر وارداتیں کرتا تھا۔ جسٹس قاضی فائز عیسی نے استفسار کیا کہ مقدمہ کے اندراج میں ڈیڑھ ماہ کی تاخیر کیوں کی گئی؟ ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کیخلاف گلگت بلتستان میں بھی چار مقدمات درج ہیں۔ جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیئے کہ عادی مجرم کو ضمانت دینا مشکل کام ہے۔ بعد ازاں عدالت نے ملزم زاہد کی درخواست پر ٹرائل کورٹ سے تین دن میں ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔