امیر مقام کے بھائی کو سربراہ قائمہ کمیٹی مواصلات بنانے کی مخالفت
اسلام آباد(اے این این )حکومت نے امیرمقام کے بھائی ڈاکٹرعباد کو قائمہ کمیٹی مواصلات کا سربراہ بنانیکی مخالفت کردی۔ذرائع کے مطابق حکومت نے ڈاکٹرعباد کو قائمہ کمیٹی مواصلات کا سربراہ بنانیکی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ ڈاکٹر عباد صوبائی صدر ن لیگ امیرمقام کے بھائی ہیں ،امیرمقام کے خلاف نیب اور ایف آئی اے کے مقدمات ہیں ۔ حکومت نے مسلم لیگ ن سے ڈاکٹر عباد کی جگہ کسی اور کو نامزد کرنے کا مطالبہ کر دیا۔دوسری جانب مسلم لیگ ن نے ڈاکٹرعباد کا نام بطور چیرمین کمیٹی مواصلات واپس لینے سے انکار کردیا۔ن لیگ نے اپنا موقف بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹرعباد رکن قومی اسمبلی ہیں جن کیخلاف کوئی مقدمہ نہیں،ڈاکٹرعباد کا کنسٹرکشن کا کاروبار ہے، وہ امیرمقام کے کاروبار میں شراکت دار نہیں۔یاد رہے کہ حکومت اور ن لیگ میں اختلافات پرگذشتہ روز مواصلات کمیٹی کا اجلاس موخر کیاگیا تھا۔