عمران کی جگہ ہوتا تو موجودہ حالات میں کبھی حکومت نہ لیتا: شیخ رشید
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ زرداری کے بعد شریف برادران نے ملک کو لوٹا۔ عمران خان کی جگہ ہوتا تو ان حالات میں حکومت نہ لیتا، گیس کے بلوں سے لوگ تلملا اٹھے، مجھ جیسے اکیلے شخص کا بل40ہزار آیا جو میں کابینہ میں لے کر گیا۔ جو 2بلین27کلو میٹر اورنج ٹرین پر اڑائے گئے اگر ریلوے پر لگتے تو غریب کی سواری شاہی سواری ہوتی۔ عرب ممالک سے سرمایہ کاری کے باوجود آئی ایم ایف جانا پڑے گا۔ نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں شیخ رشید نے کہا کہ اورنج لائن پر 2بلین ڈالر خرچ ہے اگر یہی رقم ریلوے پر لگتی تو 1700کلو میٹر کی پٹڑی انقلاب لے آتی ہے۔ شہباز شریف کا دور جرائم کی ماں تھی۔ آصف علی زرداری کے دور کی لوٹ مار کی گٹھڑیاں ہمارے سر پر آکر گری ہیں۔ عمران خان نے ملک کو بچانے کیلئے گرتی دیوار کے نیچے ہاتھ رکھا ہے ورنہ ہمارا سارا ستیا ناس ہو جاتا۔ علاوہ ازیں تھل ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا ہے کہ تھل ایکسپریس صبح 7 بجے راولپنڈی اور ملتان سے بیک وقت چلے گی۔ 70 سال سے زائد عمر کے مسافر کو مفت سفر کی سہولت میسر آئے گی گوادر ریلوے سٹیشن کیلئے 365 ایکڑ زمین حاصل کر لی گئی ہے، ریلوے آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔