این آر او دینے کی طاقت موجود دیں گے نہیں، شہباز پی اے سی چھوڑ دیں : فواد چودھری
اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو رضاکارانہ پبلک اکائونٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ سے علیحدہ ہوجانا چاہیے لیکن ایک طرف وہ خود ہی اپنے پروڈکشن آرڈر جاری کررہے ہیں دوسری طرف وہ اسلام آباد ائیر پورٹ کے معاملے کو دیکھ رہے ہیں جبکہ انہوںنے وعدہ کیاتھا کہ وہ اپنے معاملات کو نہیں دیکھیں گے ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ دوست ممالک نواز شریف کے معاملے میںدلچسپی نہیں رکھتے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے لبنان کے وزیراعظم سعدالحریری سے کہا ہے کہ پاکستان میں نواز شریف کو این آر او دینے کی بازگشت ہے۔ آپ سے میری ملاقات کے بعد پاکستانی میڈیا این آر او سے متعلق خبریں چلا دے گا۔ جس پر سعد الحریری نے کہا کہ میں پاکستان کی سیاست سے باز آیا ، پہلے بھی نواز شریف نے این آر او لینے کے بعد کوئی کمٹمنٹ پوری نہیں کی اور ہمیں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ اس قسم کی باتیں سعودی عرب کے اقتدار میں شامل لوگوں نے بھی کیں کہ نواز شریف نے کوئی کمٹمنٹ پوری نہیں کی۔ اپوزیشن کی پوری سیاست ہی این آر او کے گرد گھومتی ہے ۔ اسمبلی کے اجلاسوں کی ریکارڈنگ نکلوا کر دیکھ لیں۔ انہوں نے کبھی عوام کے مسائل پر بات نہیں کی بلکہ یہ اجلاس میں آتے ہیں اور اپنے مقدمات کا رونا رو کر چلے جاتے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ نیب کے بورڈ آف گورنرز میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارے اندر این آر او دینے کی طاقت موجودہے لیکن ہم دیں گے نہیں اپوزیشن کے خلاف معاملات پاناما کیس کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی ایک سالہ تحریک کا نتیجہ ہیں۔ پہلے کوئی کرپشن کے مسئلے پر بات ہی نہیں کرتا تھا ۔ عمران خان نے کرپشن کے مسئلے کو زندہ کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم عدالت کے فیصلوں میں مداخلت نہیں کرسکتے تھے ایسا نواز شریف کے دور حکومت میں ہوا کرتا تھا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت وہی پالیسی پنجاب میں لاگو کریں گے جو وفاق بنائے گا ، مسلم لیگ (ق) ہمارے ساتھ ہے۔مزید برآں سعودی میڈیا کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے، سعودی ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان کے اس دورہ سے پاک سعودی تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تاریخی سفارتی سطح پر بہت مضبوط ہیں۔ دونوں اسلامی ملک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوئے۔