پاکستانی کھانے کھا کر وزن بڑھ گیا، نئے کپڑے سلوانے پڑ گئے، بریانی، نان جلیبی دیکھ کر رہا نہیں جاتا: جرمن سفیر
اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان میں تعینات جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے مقامی کھانے کھا کھا کر وزن میں اضافہ کر لیا۔ جرمن سفیر پاکستان کے سیاحتی مقامات کی سیر کے ساتھ ساتھ مقامی ڈشز کھانے کے بھی شوقین ہیں۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھانوں کے آگے بے بس ہو جاتا ہوں۔ جرمن سفیر کو پاکستانی کھانوں کے شوق کی وجہ سے ان کے وزن میں اضافہ کے سامنا ہے اور انہیں اب نئے کپڑے سلوانے پڑ گئے ہیں۔ ٹویٹر پر انہوں نے تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ کپڑوں کی ایک دکان میں کھڑے ہیں اور نئے کپڑے سلوانے کے لیے ناپ دے رہے ہیں۔ تاہم، جرمن سفیر کو وزن بڑھنے پر پریشانی کے باوجود پاکستانی کھانے کھانے کے شوق پر کوئی پشیمانی نہیں، اس لیے انہوں نے وزن کم کرنے کی بجائے نئے کپڑے سلوانے کو ترجیح دی۔ مارٹن کوبلر نے ٹویٹ کرتے ہوئے دل چسپ انداز میں لکھا کہ بوجھیں کہ مجھے نئے کپڑوں کی ضرورت کیوں پڑ گئی؟۔ انہوں نے ٹویٹ میں کھانوں کا ذکر کرنے کے بعد اپنے پاکستانی میزبانوں کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ اس کے ذمہ دار آپ لوگ ہیں۔ جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے پاکستانی مہمان نوازی کو نہایت قابل ذکر قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی کھانوں کے آگے بے بس ہو جاتے ہیں۔ بریانی، نان، قورمہ، جلیبی دیکھ کر رہا نہیں جاتا۔