سپیکر قومی اسمبلی سے افغان سفیر کی ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان میں افغانستان کے سفیر شاکر اللہ عاطف مشال نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کے حوالے سے پاکستان کا کر دار قابل تحسین ہے ، افغانستان خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جبکہ قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین تعلقات مذہب، اخوت، ثقافت اور ہمسائیگی کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں،پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے پاکستان اور افغانستان کے درمیان غلط فہمیاں دور کرنے اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ منگل کو سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پاکستان میںنامزد افغانستان کے سفیر شْکراللہ عاطف مشال نے ملاقات کی جس میں میں دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، اسد قیصر نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان کے مابین تعلقات مذہب، اخوت، ثقافت اور ہمسائیگی کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔اسد قیصر نے کہا کہ سرحد کی دونوں جانب کی عوام کے درمیان محبت اور باہمی احترام کا رشتہ پایا جاتا ہے۔ سپیکرقومی اسمبلی نے کہاکہ پاکستان ایک پْر امن، مْستحکم اور خوشحال افغانستان دیکھنے کا خواں ہے۔اسد قیصر نے کہاکہ پْر امن اور مْستحکم افغانستان خطے کے امن و سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔ سپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان خطے اور عالمی پارٹنرز کے ساتھ مل کر افغانستان میں پائیدارامن کے قیام کے لیے کو شاں ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے پاکستان اور افغانستان کے درمیان غلط فہمیاں دور کرنے اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ سپیکرقومی اسمبلی نے کہاکہ دونوں ممالک کے اراکینِ پارلیمنٹ دونوں اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔