5 برسوں میں پنجاب کی جی ڈی پی میں 36.7 فیصد اضافہ
لاہور (احسن صدیق) سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2014سے لیکر 2018 )گزشتہ 5 مالی سال) کے دوران پنجاب کی جی ڈی پی میں 36.7فیصد اضافہ ہوا۔ مالی سال 2014 میں پنجاب کی جی ڈی پی کا حجم 13843ارب روپے تھا جو 2018 میں 5075ارب روپے کے اضافے سے 18918ارب روپے تک پہنچ گیا ہے، مالی سال 2014میں ملک کی مجموعی جی ڈی پی کا حجم 25169 ارب روپے تھا جبکہ 2018میں ملک کی جی ڈی پی کا مجموعی حجم 9227ارب روپے کے اضافے سے 34396ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ اعداد وشمار کے مطابق مالی سال 2018میں پنجاب کی جی ڈی پی کا ملک کی مجموعی جی ڈی پی میں حصہ 2فیصد اضافے سے 55فیصد تک پہنچ گیا ہے جبکہ مالی سال 2016میں پنجاب کا ملک کی مجموعی جی ڈی پی میں حصہ 53فیصد تھا۔ مالی سال 2015میں پنجاب کی جی ڈی پی کا حجم 15094، 2016میں 15992ارب اور 2017میں 17579ارب روپے تھا۔