کالا باغ ڈیم کی تعمیر، اقدامات نہ کرنے پر ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت، چیئرمین واپڈا سے جواب مانگ لیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے عدالتی احکامات کے باوجود کالا باغ ڈیم کی تعمیر کیلئے اقدامات نہ کرنے کیخلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت اور چیئرمین واپڈا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 28فروری کو جواب طلب کر لیا۔ جسٹس شاہد کریم نے اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ کی متفرق درخواست پر سماعت کی جس میں نشاندہی کی گئی کہ عدالت نے 2012ء میں کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے اقدامات کرنے کا حکم دیا تھا۔ لیکن حکومت نے اس بارے میں کوئی سنجیدہ پیش رفت نہیں کی۔ ملک میں پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے اور اس کمی کو پورا کرنے کیلئے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کی جائے۔ کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا معاملہ اہم نوعیت کا معاملہ ہے۔ اس لیے حکومت کو عدالتی احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی جائے۔