راجہ ریاض نے شیخ رشید کی پی اے سی میں شمولیت کی مخالفت کر دی
لاہور(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے پبلک اکائونٹس کمیٹی کے رکن راجہ ریاض احمد نے بھی وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد کی پی اے سی میں شمولیت کی مخالفت کر دی۔ اس سے قبل پی ٹی آئی کے پی اے سی کے رکن ریاض فتیانہ بھی شیخ رشید کی پی اے سی میں شمولیت کی مخالفت کر چکے ہیں۔ ایک بیان میں راجہ ریاض نے کہا شیخ رشید احمد کے پی اے سی کا رکن بننے کی کوئی ضرورت نہیں، پی اے سی میں پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے ارکان موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی اے سی شہباز شریف جہاں غلط کام کرنا چاہیں گے ہم اس میں رکاوٹ بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی اے سی میںپاکستان کے مفاد کے لئے جو بھی کام ہو گا اس میں تمام ممبران پوری محنت اور دیانتداری سے کام کریں گے۔