عمران آج کل کنٹینر پر نہیں‘ اپنی تقریر تو تبدیل کر لیں‘ مریم اورنگزیب
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) منگل کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کتنی دفعہ آپ کو یاد کرایا گیاکہ وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھے ہیں، کنٹینر پر نہیں، اس لئے اپنی تقریر تو بدل لیں،آپ نے این آر او ون علیمہ باجی کو اور این آر او ٹو پاکستان کے سب سے بڑے ڈاکوؤں اور چوروں کو دے دیا ہے ،عمران صاحب آج تقریر میں سب سے پہلے آئی ایم ایف کے پاس جانے پر کم از کم معافی مانگتے،عوام سے معافی مانگتے کہ چھ ماہ میری نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے گیس اور بجلی کی قیمت میں دو گنا اضافہ ہوا،قوم سے معافی مانگتے کہ چھ ماہ گزر جانے کے باوجود میں، میں ایک کروڑ اور 50 لاکھ گھر کا کوئی بھی پلان نہیں دے سکا،عوام سے معافی مانگتے کہ میرے چھ مہینے میں ملک پر قرض میں سو ارب سے زائد کا اضافہ ہوگیا ہے،عوام سے معافی مانگتے کہ میری حکومت میں مہنگائی کی شرح دو گنی ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام سے معافی مانگتے کہ میں نے جو خواب دکھائے تھے اور قوم سے وعدے کئے تھے انہیں پورا نہیں کر سکا،عوام سے معافی مانگتے کے میں نے غریبوں کی چھتیں چھینیں ہیں اور بنی گالہ کا محل ریگولرائز کروایا ہے ،عوام سے معافی مانگتے کہ چھ فیصد پر جاتے ملکی گروتھ ریٹ کو اپنی نااہلی سے چار فیصد پر لے آیا ہوں۔ عوام سے معافی مانگتے کہ میری نالائق، نہ تجربہ کار اور ہم جھوٹی حکومت کا بوجھ آپ نے عوام پہ ڈال دیا ہے ،عوام سے معافی مانگتے کہ نئے پاکستان میں کتنے لوگوں کو چھ ماہ میں غربت میں دھکیلا ہے؟عوام سے معافی مانگتے کہ میں نے 300 ارب منی لانڈرنگ کا جھوٹ بولاتھا،عوام سے معافی مانگتے کہ میں پچھلے چھ مہینے میں کتنی گیس اور بجلی کی چوری نہیں روک سکا؟