یوٹرن، وزیراعظم عمران خان آئی ایم ایف کے سفیر ثابت ہوئے، نفیسہ شاہ
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پی پی پی پی کی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا تھا کہ میں خود کشی کرلوں گا مگر میں آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاوں گا لیکن وہ آئی ایم ایف کے کٹھ پتلی نکلے انہوں نے یو ٹرن لے کر قوم کے ساتھ جھوٹ ‘ فریب اور دھوکہ کیا ،این آر او کون کررہا ہے ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے ان خیالار کا اظہار پریس کانفرنس میں کیا ،پلوشہ خان بھی ان کے ہمراہ تھیں،ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے آئی ایم ایف کے سفیربن کے کام کیا انہوں نے آئی ایم ایف کے پاس جانے سے پہلے روپے کی قدر میں کمی اور گیس اور بجلی مہنگی کردی تھی۔ وزیراعظم نے کہا تھا کہ میں آئی ایم ایف کے پاس جانے سے بہتر میں خود کشی کرلوں گا۔ آئی ایم ایف کے کٹھ پتلی وزیراعظم نکلے۔ انہوں نے یہ یو ٹرن لے کر قوم کے ساتھ جھوٹ فریب اور دھوکہ کیا ہے۔ عوام کو بتایا جائے کہ سعودی عرب ‘ دوبئی اور چائنا سے جو معاہدے کئے تھے وہ قرض ‘ سرمایہ کاری یا بینک ڈیپازٹ تھا۔ حکومت ابھی تک کنٹینر پر سوار ہے سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں لایا جاسکتا۔ حکومتی وزرائکہتے ہیں کہ گیس سے پانی گرم کرنا مہنگی ترین سہولیات میں آتا ہے۔ کیا وہ بتائیں گے کہ وزیراعظم ہاوس کا پانی لکڑیوں سے گرم کیا جاتا ہے۔ سی پیک کا مستقبل کیا ہے اور فارن پالیسی کہاں بن رہی ہے،انہوں نے کہا کہ منگو حکومت نے اپنے سات ماہ میں پاکستان کی تاریخ کے بڑے قرضے لئے ہیں۔ شہزاد اکبر نے کہا تھا کہ دبئی میں پاکستانیوں کی آٹھ سو جائیدادیں نکلی ہیں اب وہ کدھر گئے کیا یہ علیمہ ایمنسٹی ہے اب مسنگ پرسن شہزاد اکبر کدھر ہیں۔ غریبوں پر ٹیکس عائد کرکے اپنے قریبی لوگوں کو سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ آنے والا وقت مزید مشکل ہوگا۔ حکومت اب تک کنٹینر کی سیاست ہی کررہی ہے شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ ہم نے چیئرمین پی اے سی اپوزیشن سے بنایا ہے اور اب یو ٹرن کیوں لیا جارہا ہے۔ پلوشہ خان نے کہا کہ پرویز مشرف کے ریفرنڈم میں عمران خان آگے تھے وزیراعظم اب وزیراعظم ہاؤس چھوڑ کر کیوں بنی گالا جارہے ہیں اور کسی کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں این آر او کون کررہا ہے۔