خطے میں امن کیلئے پرعزم ہیں: صدر‘ آرمی چیف نے بھی آخری روز مشقوں کا معائنہ کیا
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی)پاکستان نیوی کی چھٹی کثیر الملکی بحری مشق امن 2019 ء کراچی میں اختتام پذیر ہوگئیں۔ مشق میں دنیا بھر سے 46 ممالک اپنے جدید آلات اور مشینری کے ہمراہ مندوبین کے ساتھ شریک ہوئے۔ مشق کے دوران پاکستان بحریہ کا ہیلی کاپٹر پی این ایس معاون پر اترنے کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ امن 2019 کے آخری روز صدر پاکستان عارف علوی، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیردفاع پرویز خٹک، چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی، تینوں افواج کے سربراہان، غیرملکی سفیروں، دفاع اور نیول اتاشیوں اور دیگر نے بحیرہ عرب میں پاک بحریہ کے جہاز"معاون" پر بیٹھ کر مشق کا معائنہ کیا۔پاک بحریہ نے سمندر میں اپنے جنگی جہازوں پی این ایس اصلت اور پی این ایس "سیف "میں پی این ایس "معاون" سے فیولنگ کی مشق کا مظاہرہ کیا جب کہ پاکستان، ترکی اور چین کے بحری جنگی جہازوں نے سطح آب سے سطح آب پر پہلے سے مقررہ ہدف کو نشانہ بنانے اور آب دوز کے خلاف راکٹ ڈیپ چارج آپریشن کا عملی مظاہرہ کیا۔2007 سے شروع ہونے والی امن مشق ہر دوسال بعد بحیرہ عرب میں منعقد ہوتی ہے۔پاک بحریہ کی کثیر القومی مشق "امن" 2019 آج پاکستان اور شریک ممالک کی جانب سے بحیرہ عرب میں بحری حربی تدبیروں اور انٹرنیشنل فلیٹ ریویو، پاک فضائیہ اور بحریہ کے طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کے فلائی پاسٹ کے ساتھ ختم ہو گئی۔سمند کے اندر پی این ایس معاون سے پی این ایس سیف میں ری فیولنگ کا مظاہرہ کیا گیا اور سطح آب سے سطح آب پر مقررہ ہدف کو نشانہ بنانے کا مظاہرہ جب کہ پاک فضائیہ کے جے ایف سیونٹین تھنڈر ، بحریہ کے جنگی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں نے فلائی پاسٹ کیا۔جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ آخر میں مشق میں شریک پاکستان، چین، ترکی، امریکا ، برطانیہ، اٹلی، آسٹریلیا، ملائشیا، سری لنکا اور اومان کے بحری جنگی جہازوں نے روایتی 'امن فارمیشن ' ترتیب دے کر اتحاد کا مظاہرہ کیا اور مہمانوں کو سلامی پیش کی۔ مشقوں میں صدر مملکت، وزیراعلیٰ سندھ، وزیر دفاع اور وزیر دفای پیداوار ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔ صدر عارف علوی نے مشقوں کے کامیاب انعقاد پر پاک بحریہ کو مبارکباد دیتے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و سلامتی کے لئے پر عزم ہے سمندری خطرات سے نمٹنے کے لئے سٹرٹیجک تعاون ضروری ہے۔ امن مشق کے موقع پر آرمی چیف سے سری لنکن کے نیوی چیف اور زمبابوے کے ہم منصب سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کثیر الملکی بحری مشقیں امن 2019ء کراچی میں اختتام پذیر ہوگئیںبحری مشقوں میں 46ممالک کے بحری دستوں اور بحری اثاثوں نے حصہ لیا۔ صدر مملکت، وزیراعلیٰ سندھ، وزیر دفاع ، وزیر دفاعی پیداوار نے شاندار مشقوں کا جائزہ لیا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے بھی بحر ی مشقوں کا جائزہ لیا ، غیر ملکی سفیروں ، دفاعی اور نیول اتاشیوں نے بھی تقریب میں شرکت کی ، صدر مملکت عارف علوی پاک نیوی کے جہاز معاون پر آئے اور امن مشقوں کے انعقاد پر پاک بحریہ کو مبارکباد دی صدر نے خطے میں امن و سلامتی کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ، پاکستان اور مشقوں میں شریک 46ممالک نے مشترکہ فلائی پاسٹ کیا ، پاک فضائیہ کے جے ایف 17ٹھنڈر نے بھی مہارت کا مظاہرہ کیا پاک بحریہ کی جانب سے راکٹ ڈیپ چارج کا عملی مظاہرہ کیا گیا ۔