سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی کعبہ شریف کے اندر نوافل کی ادائیگی
جدہ (امیر محمد خان) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی حالیہ چند تصاویر منظر عام پر آئی ہیں جن میں انہیں کعبہ شریف کے اندر نوافل ادا کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ تصاویر حرم مکی میں تعمیر و توسیع کے منصوبہ کے جائزہ کے لئے ان کی الحرم الشریف آمد کے موقع پر لی گئی ہیں۔ بعض تصاویر میں وہ کعبۃ اللہ کو غسل دینے کی سعادت حاصل کرتے دیکھے جا سکتے ہیں۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے پیر کے روز مسجد حرام کی زیارت کی۔ اس موقع پر انہوں نے مسجد حرام میں توسیع کے کام اور معتمرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ شہزادہ محمد نے کعبۃ اللہ کا طواف کیا اور چھت پر بھی گئے۔
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ + جاوید صدیق+نیشن رپورٹ) پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف المالکی نے کہا ہے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران پندرہ ارب ڈالر سے زائد کے سمجھوتوں پر دستخط ہوں گے۔ سعودی سفیر نے کہا پاکستان اور سعودی عرب دو برادر اسلامی ملک ہیں جن کی دوستی ایمان‘ اخوت اور تاریخی رشتوں پر استوار ہے۔ سعودی سفیر گزشتہ روز سعودی سفارت خانہ کی طرف سے پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی تعلقات پر مبنی تصویری نمائش کے افتتاح کے بعد نوائے وقت سے بات چیت کر رہے تھے۔ سعودی سفیر نے کہا پاکستان کو سعودی قیادت اور عوام اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اپنے گھر آ رہے ہیں۔ ان کے دورے سے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو ایک نئی قوت ملے گی۔ سعودی سفیر نے کہا وہ ولی عہد کے دورے میں طے ہونے والے سمجھوتوں کی تفصیل نہیں بتا سکتے لیکن مجموعی طور پر پندرہ ارب ڈالر سے زائد کے سمجھوتوں پر دستخط ہوں گے۔ سفیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ سے پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی‘ تجارتی تعلقات کے علاوہ سٹرٹیجک تعلقات میں مزید استحکام آئے گا۔ جاوید صدیق کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم عمران خان کی ملاقات کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں دونوں رہنما ایک مشترکہ بیان جاری کریں گے۔ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم کے مشترکہ بیان کے موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کا سرکاری میڈیا موجود ہو گا لیکن سوال و جواب کا امکان نہیں۔ کراؤن پرنس کی آمد کے موقع پر پاکستانی اخبارات خصوصی سپلیمنٹس شائع کریں گے۔ سعودی ولی عہد کی آمد پر اسلام آباد میں سعودی ولی عہد کی تصاویر والے بڑے ہورڈنگز اور بینر لگائے جائیں گے۔ سکیورٹی کا انتظام فوج اور سکیورٹی ایجنسیوں کے پاس ہو گا۔ سعودی ولی عہد کے دورے کی کوریج کے لئے آنے والی سعودی میڈیا ٹیم کے ارکان نے گزشتہ روز وزیر خزانہ اسد عمر سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے سعودی عرب کے میڈیا ارکان کو معیشت کی بہتری کے لئے اٹھائے اقدامات سے آگاہ کیا۔ منگل کو پاکستان میں سعودی سفارتخانے نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے متعلق جاری بیان میں کہا کہ سعودی ولی عہد دو روزہ دورے پر 16 فروری کو پاکستان پہنچیں گے۔ وزیراعظم ہائوس میں قیام کریں گے اور اس دوران اعلیٰ سطح کے وفود سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اپنا دو روزہ دورہ 17فروری کو مکمل کرکے پاکستان سے ملائیشیا کے دورے پر روانہ ہو جائیں گے۔ آن لا ئن کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پا کستان پر شاندار استقبال کی تمام تیاریوں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے، وزیر اعظم ہائوس سمیت 8نجی ہوٹل کی سیکیورٹی شاہی محافظ اور پاک فوج کے سپرد کر دی گئی ہے جبکہ سعودی ولی عہد کے 123 شاہی محافظ بھی پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ جنہوں نے وزیراعظم ہائوس سمیت 8نجی ہوٹل کی سکیورٹی بھی اپنے کنٹرول میں لے لی ہے۔ جبکہ وزیراعظم ہائوس اور ان تمام ہوٹل کی نگرانی پاک فوج بھی کرے گی۔ سعودی ولی عہد کے دورے کے دوران 300گاڑیاں شاہی خاندان کے زیر استعمال رہیں گی۔ سعودی ولی عہد کے ساتھ شاہی خاندان کی اہم شخصیات بھی آئیں گی جو ہوٹل میں قیام کریں گے، ولی عہد کیلئے وزیراعظم ہائوس میں جم بھی تیار کر لیا گیا ہے۔نیشن رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے بتایا پاکستان نے سعودی عرب سے درخواست کی ہے کہ وہ معمول کے اکنامک پیکج کے علاوہ حکومت کے امداد کی بجائے تجارت پروگرام کے تحت سرمایہ کاری کرے۔ پاکستان نے سعودی عرب کو قائل کیا ہے کہ وہ پاکستان میں مستقبل بنیادوں پر تجارت کیلئے سرمایہ کاری کرے۔ انہوں نے مزید کہا موجودہ حالات میں ہمیں رقم کی ضرورت ہے لیکن یہ عارضی ہے اور ہم اگلے چند ماہ میں معاشی بحران سے نکل آئیں گے، ایک عہدیدار نے بتایا کہ سعودی ولی عہد پہلے سے اعلان کردہ پیکج کے علاوہ بڑی سرمایہ کاری لا رہے ہیں۔