پتنگ بازی سے جانی نقصان پر ڈی پی او‘ ڈی سی ذمہ دار‘ ایس ایچ او کیخلاف مقدمہ ہو گا: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے صوبے کے بعض شہروںمیں پتنگ بازی کے واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر سخت برہمی کا اظہارکیا ہے اور سعودی عرب سے پولیس اور انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ پتنگ بازی کی وجہ سے قیمتی انسانی جان کا ضیاع ہوا تو متعلقہ ضلع کا ڈی پی او اور ڈی سی ذمہ دار ہوں گے اور ایسے واقعات پر ایس ایچ او کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ انسانی جان کا تحفظ ہمارا سب سے بڑا فریضہ ہے اور میں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے عوام کے جان و مال کے تحفظ کا عہد کیا ہوا ہے۔ انہوںنے واضح کیاکہ انتظامیہ اور پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے، ورنہ میں بھرپور ایکشن لوں گا۔ عثمان بزدار نے عائشہ ایاز کو تائی کوانڈو کی عالمی چمپئن شپ میں میڈل جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ فجیرہ اوپن انٹرنیشنل تائی کوانڈو چمپئن شپ میں عائشہ ایاز کا کم عمری میں میڈل جیتنا پاکستان کیلئے اعزاز ہے۔ عثمان بزدار نے جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔